حکومت افراط زر پرقابوپانے کیلئے تمام اہم اقدامات کررہی ہے:مشیر خزانہ
مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت افراط زر پرقابوپانے اور ملک کی اقتصادی ترقی کاعمل تیزکرنے کے لئے تمام اہم اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے مجموعی اخراجات میں کمی کی ہے جس کی وجہ سے معیشت درست راستے پرگامزن ہوگئی ہے۔گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان پالیسیوں کو درست کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔عبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ حکومت کی بہترپالیسیوں اورمتعین کردہ صحیح سمت کے باعث ملک میں سٹاک ایکسچینج مثبت ہے اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہاکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیوکی طرف سے ٹیکس وصولی کے عمل میں بہتری آئی ہے۔