جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کا نوٹس معطل
لاہور : لاہور ہائی کورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر ملز کو آڈٹ کیلئے منتخب کرنے کے نوٹس معطل کر دیے اور ایف بی آر سمیت دیگر سے جواب طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس جواد حسن نے جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی طرف سے شہزاد عطا الہی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ وہ باقاعدگی سے انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں ،ان کی ملز کسی قسم کی نادہندہ نہیں ، ایف بی آر نے یکے بعد دیگرے انکم ٹیکس کی ریکوری کے تین نوٹس بھیجے ہیں، انکم ٹیکس کی عدم ادائیگی کے الزام پر ان کی ملز کو آڈٹ کیلئےمنتخب کیا گیا ہے۔ وکیل نے بتایا کہ قانون کے مطابق ان لینڈ ریونیو کو شوگر ملز کے گزشتہ سالوں کا آڈٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے، ایف بی آر کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روکا جائے،اور ایف بی آر کے 16ستمبر،29ستمبر اور 22 اکتوبر کے نوٹس کالعدم قرار دیئے جائیں۔