امریکا میں انسانی حقوق اور ان کے تحفظ سے متعلق قانون سازی نامکمل ہے.خصوصی مندوب اقوام متحدہ
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ امریکا لیگل فریم ورک میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرے ۔ اقوامِ متحدہ میں اقلیتوں سے متعلق حقوق کے خصوصی مندوب فرنینڈ ڈی ویرینیس نے کہا ہے کہ امریکا کو قانونی فریم ورک کے حوالے سے داخلی سطح پر نئی ڈیل کی ضرورت ہے ، امریکا ان جمہوریتوں میں سے ہے جہاں انسانی حقوق اور ان کے تحفظ سے متعلق قانون سازی نامکمل ہے۔ ا نہوںنے کہا کہ 60 برس پرانے قوانین تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں رہے، جن کی وجہ سے اقلیتوں کو عدم مساوات، تعصب اور تنہا کئے جانے کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف منافرت کے جرائم بڑھ رہے ہیں، جس سے سیاہ فام سب سے زیادہ متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ امکان یہی ہوتا ہے کہ سیاہ فاموں کو وفاقی اور ریاستی سطح پر ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم رکھا جائے گا۔