وزیراعظم عمران خان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے پہلے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا اجراء کردیا
وزیراعظم عمران خان نے آج چینی کے شعبے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے پہلے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا اجراء کیا ۔منگل کی شام اسلام آباد میں اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس نظام سے ٹیکس وصولیوں میں اضافے میں مدد ملے گی۔وزیراعظم نے ملک میں ٹیکس کلچر کے فروغ اوراستحکام کی ضرورت پر زوردیا جس میں لوگوں کو یقین ہوکہ ان کے ٹیکسز حکمرانوں کی عیاشیوں کی بجائے ان کے بچوں کی فلاح وبہبود پرخرچ ہوں۔انہوں نے کہا اگر لوگوں کا حکومتی مشینری پراعتماد بحال ہوجائے تو وہ ٹیکس دینے سے نہیں ہچکچائیں گے ۔عمران خان نے کہاکہ ٹیکنالوجی پرمبنی ٹریک اینڈ ٹریس نظام سے ٹیکس وصولیوں میں مکمل شفافیت اورعوام کے اعتماد کی بحالی یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔اس موقعے پر مشیرخزانہ شوکت ترین نے کہاکہ اب تک 76 کمپنیوں نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پردستخط کیے ہیں۔انہوں نے کہا ایف بی آر اور نادرا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ٹیکسوں کا دائرہ کار وسیع بنانے پر کام کررہی ہے ۔مشیر نے کہاکہ تقریباً ایسے ڈیڑھ کروڑ افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جنھیں ٹیکس دائرے میں لایا جائے گا۔