وزیر داخلہ کی احتجاج کرنے والوں کو آخری وارننگ,کسی کو امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے۔
24 نومبر کو تحریک انصاف کی ممکنہ احتجاج و دھرنے کی کال پر وفاقی وزیر داخلہ کا سخت ایکشن کا اعلان،وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ کسی کو وفاقی دارالحکومت کا امن و امان خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی علی الصبح پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے پولیس لائنز پہنچ گئے، وزیرداخلہ نے قیام امن کیلئے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر، ڈی آئی جی اور پولیس افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔پولیس فورس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اس کے پیش نظر ہم نے اسلام آباد شہر کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے، پولیس فورس نے اسلام آباد کو محفوظ رکھنے کیلئے ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے اور اسے یقینی بنانا ہے۔انہوں نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے، اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا،گرفتار کرنا ہے ۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں آپ اور آپ کی زندگیاں بہت عزیز ہیں، دوران ڈیوٹی آپ نے تمام حفاظتی سامان پہننا ہے اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں، پولیس فورس نے ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اس بار کسی کو وفاقی دارالحکومت میں امن وامان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، امن وامان کو قائم رکھنے اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔