پی ٹی آئی کا احتجاج : پنجاب حکومت نے لاہور میں وہ کردکھایا جو آج تک کوئی حکومت نہ کرسکی۔
حکومت پنجاب نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر لاہور کو چاروں طرف سے بند کردیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر صوبائی دارالحکومت لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے بند ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ، ایمر جنسی کی صورتحال میں دوسرے شہروں کو جانے والے مسافر پریشان رہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو طے شدہ شادی کی تقریبات بھی بری طرح متاثر ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی موٹرویز کو بند کر دیا گیا ، بابو صابو کو بھی کنٹینرز اور بیریئرز لگا کر بند کر کے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔لاہور سے اسلام آباد جانے والی موٹر وے بھی بند ہے، بند روڈ پر واقع تمام بس اڈے بھی بند کر دیئے گئے ہیں، لاہور رنگ بھی ٹریفک کے لئے بند رکھی گئی۔راوی ٹول پلازہ کو دونوں اطراف سے کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا،شاہدرہ،امامیہ کالونی، برکت کالونی سے بند کردئیے گئے ۔ٹھوکر نیاز بیگ، محمود بوٹی انٹرچینج ٹریفک کے لئے بند رکھی گئی ،کنٹینرز کی دو سطحی رکاوٹیں قائم کر کے پولیس کی بھاری نفری کو بھی تعینات رکھا گیا ہے،جی ٹی روڈ کو جہلم کے مقام سے بند کیا گیا ہے۔ راستوںکی بندش کی وجہ سے ہنگامی صورتحال میں دوسرے شہروں کا سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔ لوگوں کو اپنے قریبی عزیزوں و اقارب کے نماز جنازہ میں شرکت میں بھی مشکلات کا سامنا رہا ۔ دوسری جانب ہفتہ اور اتوار کے طے شدہ شادی کی تقریبات بھی بری طرح متاثر ہوئیں ۔ بعض خاندانوںنے کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے تقریبات کو ملتوی کر دیا ۔