اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں، ان کیساتھ وہی کرینگے جو کرنا چاہیے: عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پر کسی صورت چڑھائی نہیں کرنے دیں گے، دہشتگرد جب باہر آتے ہیں تو موٹرویز بند کرنا پڑتی ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے، احتجاج کےد وران ان کے پاس اسلحہ ہوگااور قانون کو چیلنج کیا جائے گا، اس وقت بانی پی ٹی آئی لاشیں گرانے کے موڈ میں ہیں، کیا شہریوں کو بلوائیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں، ہمارے بس میں جو کچھ ہوا ہم کریں گے، انہیں اسلام آباد میں فساد برپا نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں آگ لگی ہوئی ہے، 40 سے زائد افراد مارے گئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، علی امین کو چاہئے تھا وہ پاراچنار جاتے اور جرگہ میں بات کرتے لیکن وزیراعلیٰ کے پی کو کوئی فکر نہیں ہے، علی امین اور بشریٰ بی بی بیٹھ کر فساد کی پلاننگ کر رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ارب 35 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار روپے کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز نے نکلوائے، 95 کروڑ 94 لاکھ ڈاکیومنٹ میں ظاہر کئے گئے ہیں اور باقی 39 کروڑ روپے کا کوئی ریکارڈ نہیں ہے، یہ تمام پیسے 9 مئی پارٹ 2 کیلئے استعمال ہوں گے، آپ کو اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کرنے دیں گے، جو آپ کے ساتھ کرنا چاہیے وہ ہی کریں گے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے کہا کبھی ہم نے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا، کیا جلاؤ گھیراؤ کرنا پرامن احتجاج تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا بشریٰ بی بی نے جو کہا ٹھیک کہا، بانی پی ٹی آئی خود چوری ،کرپشن اور غداری کے کیس میں اندر ہیں، احتجاج کرنا ہے تو کے پی میں کرو، اسلام آباد کیا لینے آتے ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلا دورہ بانی پی ٹی آئی نے سعودی عرب کا کیا، جو عمران خان نے مانگا سعودی عرب نے اس سے زیادہ دیا، جہاں سے شریعت شروع ہوئی وہاں سے ختم کرنے کا الزام لگا رہے ہو، آپ لوگوں کو سعودی عرب پر الزام لگاتے شرم نہیں آئی، شریعت لانے والے تم ہوکون،تم جیسے خاکی گنہگار شریعت لاسکتے ہو؟ صوبائی وزیر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا بیان حکومتی اداروں اور خارجی تعلقات کو خراب کرنے کی سازش ہے، وہ دن دور نہیں جب بشریٰ بی بی کا بوریا بستر گول ہوتے دیکھ رہی ہوں، بانی پی ٹی آئی کے ہاتھوں جب بھی ہوا ملک کا بیڑہ غرق ہی ہوا ہے، جب جب دہشتگرد باہر نکلتے ہیں موٹرویز بند کی جاتی ہیں، پی ٹی آئی ایک دہشتگرد تنظیم ہے۔ عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ کے پی میں کچھ کر نہیں رہے اور پنجاب میں کسی کو کرنے نہیں دے رہے، ہم ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر قائم ہیں، احتجاج کرنا ہے تو پہلے بشریٰ بی بی اور عمران خان اپنے بچوں کو باہر نکالیں، عمران خان ثابت کریں اس بار واقعی فائنل کال ہے مس کال نہیں۔