وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک ہے، پی ٹی آئی سے کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ جب سٹاک مارکیٹ اوپر جاتی ہے اس کا مطلب ہے ملک میں کاروبار ہورہا ہے، مہنگائی پچھلی دفعہ 32 فیصد تھی اب 6 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف ممالک سے سرمایہ کاری آرہی ہے، چین، سعودی عرب، قطر اور یو اے ای نے پاکستان کی مدد کی، پاکستان سٹاک مارکیٹ کل دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہی۔ عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں بیلاروس کے صدر آرہے ہیں، اسلام آباد انتظامیہ شہریوں کی سکیورٹی کیلئے پریشان ہے، محسن نقوی کا بیرسٹر گوہر سے ایک بار رابطہ ہوا ہے، اسلام آباد میں احتجاج اور دھرنا غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محسن نقوی نے صرف ایک بار ان کو بتانا تھا کہ قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، جو قانون ہاتھ میں لے گا وہ گرفتار ہوگا، جو اسلام آباد احتجاج کی غرض سے آئے گا اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ بیلا روس کے صدر کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، حکومت کی جانب سے آپ کو تیاریوں سے متعلق بتایا جائے گا، وزیر اعلیٰ کرم جائیں اور لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی میں پولیس کا کام فوج کر رہی ہے، فوجی شہید ہو رہے ہیں اور آپ پولیس کو لے کر اسلام آباد کی طرف آرہے ہیں، اپنے صوبے پر توجہ دیں، وہاں روز لاشیں گر رہی ہیں، کے پی میں امن پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی بہت زیادہ پڑھی لکھی عورت نہیں ہیں، بشریٰ بی بی کو انٹرنیشنل افیئرز کے سپیلنگ بھی نہیں آتے ہوں گے، عوام بھی اب ان کے عزائم دیکھ چکے ہیں، باہر جو نکلے گا گرفتار ہوگا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ دوست ممالک کیخلاف باتیں نہیں کرنی چاہئیں، سعودی عرب میں جہاں پر انسان پر روحانیت ہوتی ہے لوگوں کو ہوش نہیں ہوتا وہاں بھی نعرے لگائے گئے، جب ہمارا دل کرتا ہے ہمیں شریعت یاد آجاتی ہے، شرعی لوگ 5،5 کیرٹ کی انگوٹھیاں نہیں مانگتے۔
پاکستان کے دشمن اور پی ٹی آئی کی سوچ ایک، کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، عطا تارڑ
Nov 23, 2024 | 18:22