بشریٰ بی بی 24 نومبرکے احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی
پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ کل ہونے والے 24 نومبر کے احتجاج میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ شرکت نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا کہ بشریٰ بی بی 24 نومبر کو اسلام آباد کے احتجاج میں شریک نہیں ہوں گی، سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں سیاست سے تعلق نہیں۔ شیخ وقاص اکرم کا مزید کہنا تھا کہ واضح کرچکے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا سیاسی سرگرمیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ بشریٰ بی بی کے دو دن قبل سامنے آنے والے بیان نے تہلکہ مچادیا تھا جس میں انھوں نے دوست ملک کے حوالے سے باتیں کی تھی، بعدازاں سعودی حکومت کے حوالے سے ویڈیو بیان پر پنجاب میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کیخلاف ایک ساتھ تین مقدمات درج کیے گئے۔ اس وقت تک بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ویڈیو بیان پر لیہ، گوجرانوالہ اور ملتان میں بھی مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جس کے بعد مقدمات کی تعداد 5 ہوچکی ہے۔ مقدمات میں ٹیلی گراف ایکٹ اٹھارہ سو پچاسی، پیکا ایکٹ دوہزار سولہ، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق بشریٰ بی بی نے مدینہ منورہ کانام استعمال کرکے سیاسی فائدہ لینے کی کوشش کی، افراتفری پھیلانےکیلئے ویڈیو بیان جاری کیا۔