صحافی جمال خشوگجی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے
ترک سکیورٹی اداروں نے استنبول کے ضلع سلطان غازی میں واقع پارکنگ سے سعودی سفارتخانے کی کار برآمد کی ہے۔ جس پر سفارتی نمبر پلیٹ لگی ہے، کار کو جمال خشوگی قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، پولیس کی جانب سے سعودی قونصلیٹ جنرل اور چیف پبلک پراسیکیوٹر کی اجازت کے بعد کار کی تلاشی لے جائے گی۔ ترک میڈیا پر دکھائے جانے والے دستاویزات سے واضح ہوا ہے کہ کار دوہزارگیارہ میں خریدی گئی تھی۔ پارکنگ ایریا کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مشکوک شخص کار کو پارکنگ لاٹ میں چھوڑ کر چلا جاتا ہے، جبکہ اٹھارہ اکتوبر کو لی گئی دوسری فوٹیج میں سعودی قونصلیٹ کی بی ایم ڈبلیو کار میں سوار شخص اسی مرسڈیز کار سے ایک بیگ کو اپنی بی ایم ڈبلیو کار میں ڈال کر چلا جاتا ہے۔ جس کے بعد ترک میڈیا میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔