بھارت اور جاپان فوجی تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم
جاپان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ ملٹری لاجسٹک معاہدے کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جس کی بدولت دونوں ممالک کی افواج ایک دوسرے کے فوجی اڈوں کو استعمال کر سکیں گی۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنا ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ویک اینڈ پر جاپان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے ساتھ ملاقات کے علاوہ دونوں ممالک کی سالانہ سربراہان کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں اس معاہدے کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔