ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر مریم نواز کی پرائیویسی پر حملہ کیا گیا،احسن اقبال
مسلم لیگ (ن )کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر مریم نواز کی پرائیویسی پر حملہ کیا گیا، آئی جی سندھ نے واقعہ کی ساری تصویر کھل کر سامنے رکھ دی، نواز شریف نے ملکی اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی، کسی کو ن لیگ میں اختلافات کا خواب دیکھنے سے روک نہیں سکتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ کر مریم نواز کی پرائیویسی پر حملہ کیا گیا ، کراچی واقعہ پر سب کچھ سامنے آگیا، آئی جی سندھ نے واقعہ کی ساری تصویر کھل کر سامنے رکھ دی۔ پولیس فورس کی چھٹیوں پر جانے کی درخواستوں کا واقعہ ماضی میں نہیں ہوا،کچھ تو ہوا ہے جو پولیس افسران نے ایسے ردعمل کا مظاہرہ کیا۔ا نہوں نے کہا کہ ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، غربت میں اضافہ اور اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا، کیا وجہ ہے چینی کی قیمت بڑھ گئی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سیکیورٹی ادارے موجود ہیں، ہمارے دور میں اپوزیشن جلسوں میں ہم سکیورٹی فراہم کرتے تھے، بلوچستان میں بھی اپوزیشن جلسوں کے لیے سیکیورٹی دی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی، نواز شریف نے ملک کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد زبیر کراچی میں ہوتے ہیں اس لیے ملاقات بہت زیادہ نہیں ہوتی، میری پارٹی میں کسی سے بھی نارضگی نہیں ،ہم چٹان کی طرح کھڑے ہیں، آنے والا وقت مسلم لیگ( ن )کا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو ن لیگ میں اختلافات کا خواب دیکھنے سے روک نہیں سکتے، اورنج لائن ٹرین کے افتتاح میں تاخیر اور بی آر ٹی کا حال سب کے سامنے ہے۔