بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیا گیا۔عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو جمعرات کے لئے نوٹس جاری کر دیا۔جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے روبرو کیس کی سماعت میں سلمان اکرم راجہ اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے بھی ملاقات نہیں کروائی جاتی۔عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لوکل کمیشن سے رابطہ ہوا تھا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ جی ہم لوکل کمیشن کو رپورٹ کرتے رہے ہیں اور وہ بھی کرتے رہے لیکن ابھی رابطہ نہیں ہوا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کمیشن بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ مسائل نہ بنیں۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے، کوریڈو میں نکلنے تک نہیں دیا جا رہا جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ الگ سے درخواست دائر کردیں۔بعد ازاں عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری اور نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ نمائندہ عدالت پیش ہو اور ساتھ ہی عدالت نے سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری
Oct 23, 2024 | 16:02