گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف پاکستان امریکا سے تعلقات پر نظر ثانی کرے۔ یوم عشق رسول منانے کا حکومتی ڈرامہ ناکام ہوا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن
تیمرگرہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ گستاخانہ فلم کے خلاف پاکستان امریکا سے تعلقات پر نظر ثانی کرے۔ یوم عشق رسول منانے کا حکومتی ڈرامہ ناکام جبکہ عوام پر گولیاں چلانے سے اس کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کو تلاش کرنے کے بجائے افغانستان میں اس کا مقابلہ کرے۔ مولانا فضل الرحمان بلوچستان حکومت میں شامل ہیں اس لیے صوبے کے خراب حالات کی ذمہ داری ان پر بھی عائد ہوتی ہے۔ ملک میں کرپشن کا نظام ناکام ہوچکا ہے اور عوام حکمرانوں کو ملک سے بھاگنے نہیں دیں گے۔ نائب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے امریکی سفارت خانہ اور یوٹیوب بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے او آئی سی کا اجلاس بلانے اور توہین رسالت پر عالمی قانون سازی کا بھی مطالبہ کیا۔