انگلینڈ ٹیم سے کھیلنے کی پیش کش قبول نہیں کروں گا۔ جنید خان
برطانوی شہریت کے حامل ٹیسٹ فاسٹ بولرجنید خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جوعزت ملتی ہے وہ انگلش کرکٹر بن کر نہیں مل سکتی، انگلینڈ ٹیم سے کھیلنے کی پیش کش قبول نہیں کروں گا۔قائد اعظم ٹرافی میں کے پی کے ٹیم میں شامل فاسٹ بولر نے یو بی ایل گرائونڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری کارکردگی سب کے سامنے ہے، ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کرکے پاکستانی سکواڈ میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا،امید پر دنیا قائم ہے۔ انہوں نے کہاکہ امید یہی ہے کہ ڈومیسٹک سیزن اچھا گزرے گا،خیبر پختون خواہ کے علاقہ صوابی کے چھوٹے سے گائوں سے آیا ہوں،برطانوی شہریت رکھنے کے باوجود میرے لیے پاکستان پہلے ہے،مجھے انگلینڈ میں دو کلبز کی جانب سے بطور لوکل پلئر کائونٹی کرکٹ کھیلنے کے چارسال کے معاہدے کی پیشکش ہوئی تھی،معاہدہ کرلیتا تو پاکستان کا سیزن اوور سیز کھلاڑی بن کرکھیلنا پڑجاتا،کائونٹی کھیلنے کا مطلب انگلینڈ ٹیم میں شمولیت کا راستہ بننا ہے،مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے، انگلینڈ کیلئے نہیں۔