کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا
کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ،شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں بدترین بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا،کورنگی، بلدیہ ٹائون اور اورنگی ٹائون میں 5 گھنٹے سے زائد بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہی جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی بجلی معطلی کا دورانیہ 5 گھنٹے سے بڑھ گیا ۔گذشتہ رات شہر کے کئی علاقے تاریکی میں ڈوبے رہے اور مختلف علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہوئی۔ نیو کراچی اور نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی جبکہ سرجانی ٹائون کے مختلف سیکٹرز، کورنگی دو نمبر، ڈیڑھ نمبر، بھٹائی آباد، پہلوان گوٹھ اور رابعہ سٹی میں بھی کئی گھنٹے سے بجلی معطل رہی۔کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی، ملیر اور لانڈھی میں بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق گیس سپلائی میں کمی کے باعث صنعتی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے ،کم گیس پریشر کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق مجموعی طور پر 400 میگاواٹ بجلی کی فراہمی متاثر ہے۔ سائٹ اور کورنگی سمیت گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ۔