سپریم کورٹ:قبائلی اضلاع کے خیبر پختو نخوا میں انضمام سےمتعلق25ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
سپریم کورٹ آف پاکستان نے قبائلی اضلاع کے خیبر پختو نخوا میں انضمام سے متعلق کی گئی 25ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی۔سپریم کورٹ میں پچیسویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست گزار نے موقف پیش کیا کہ 25ویں ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 247(6) کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ قبائلی اضلاع کو الگ صوبہ بنانا ہو یا ضم کرنا ہو آرٹیکل 247(6) کی خلاف ورزی نہیں ہو سکتی۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ آپ انتہائی دلچسپ نوعیت کا کیس لے کر آئے ہیں۔عدالت نے25ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی اور وفاقی اور کے پی حکومت سمیت قبائلی اضلاع کے ایم این ایز اور سینیٹرز کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔ جبکہ سپریم کورٹ نے معاونت کیلئے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔