سپریم کورٹ کا خورشید شاہ اور ان کے بیٹے کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس
سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ اور ان کے بیٹے کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کردیا۔بدھ کوسپریم کورٹ میں جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پی پی رہنما خورشید شاہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی جس میں پی پی رہنما کی جانب سے رضا ربانی نے دلائل دئیے۔رضا ربانی نے اپنے دلائل میں کہا کہ خورشید شاہ ایک سال سے جیل میں ہیں، کیس 12جائیدادوں اور 3اکائونٹس سے متعلق ہے۔دورانِ سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے میں 9ملزمان کو ضمانتیں ملیں، ضمانتوں کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں ان کو بھی سنا جائے۔اس موقع پر عدالت نے 9ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلئے دائرنیب اپیلیں بھی مقررکرنے کی ہدایت کردی۔بعد ازاں عدالت نے خورشید شاہ اور ان کے بیٹے فرخ شاہ کی درخواستوں پرنیب کو نوٹس جاری کردیا جبکہ سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔