ہائبرڈ جنگ مسلط کی جارہی ، دشمن فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہائبرڈ جنگ مسلط کی جارہی ہے، دشمن فرقہ واریت اور لوگوں کو خرید کر انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ جنگ مسلط کی جارہی ہے، دشمن پاکستان کو نیچا د کھانے کے لیے کوشش کررہا ہے، 2019 میں بھی دشمن نے ہم پر حملہ کیا اور اپنا پائلٹ چھوڑ کر دم دباکر بھاگ گیا، اب دشمن نئی چال چل رہا ہے اور انتشار پھیلانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دشمن فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کررہا ہے اور لوگوں کو خرید کر انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے، دشمن لسانی، مذہبی منافرت سے لڑانے کی کوشش کرے گا اور امن کو منتشر کرے گا تاہم ہم نے کسی کے عقیدے کو چھیڑنا نہیں اور کسی پر جملہ نہیں کسنا، صرف محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے، پاکستان کے علما سے گذارش ہے، علما نے ہمیشہ جوڑا ہے اور امن کی بات کی ہے۔