انگلینڈ نے پاکستانی ٹیم کے ہوش اڑا دیے, تیسرے ٹی20 میں 63رنز سے شکست دے دی
کراچی: سیریز کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں مہمان انگلینڈ نے پاکستان کو 63 رنز سے شکست دے دی، انگلش ٹیم کو سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل ہوگئی۔222 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اچھا آغاز فراہم نہ کیا گیا اور ابتدائی چار کھلاڑی 28 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ اسکے بعد شان مسعود اور خوشدل شاہ کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنے لیکن یہاں خوشدل شاہ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اسکے بعد شان مسعود اور محمد نواز کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنے لیکن یہاں محمد نواز 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ عثمان قادر صفر اور حارث رؤف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز ہی بنا سکی، قومی ٹیم کے کھلاڑی شان مسعود 66 رنز بنا کر ناقبل شکست رہے۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شان مسعود کے کیریئر کی یہ پہلی نصف سنچری ہے، انہیں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ڈیبیو کروایا گیا۔سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی اتوار 25 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔