جمیکا ٹیسٹ: تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان نے 201 رنز بنا لئے۔

پاکستان نے جمیکا ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنا لئے اور اسے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کےلئے 85 رنز درکار ہیں۔ پاکستانی اننگز کی خاص بات یہ ہے کہ یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر لیا ہے، اس طرح وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، بابر اعظم 72 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ کپتان مصباح الحق اور اسد شفیق 5 ، 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شینن گیبریئل نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ محمد عامر نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق سبائنا پارک، کنگسٹن میں ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 278 رنز 9 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو 286 کے مجموعی سکور پر محمد عامر نے شینن گیبریئل کو کلین بولڈ کرکے میزبان ٹیم کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔ کپتان جیسن ہولڈر 57 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ محمد عامر نے کیریئر بیسٹ باﺅلنگ کی اور 44 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 23 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اظہر علی 15 رنز بناکر الزاری جوزف کی گیند پر ڈورچ کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ پاکستان کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد 31 رنز بناکر جیسن ہولڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر یونس خان اور بابر اعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 131 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 185 تک پہنچا دیا۔ یونس خان نے 58 رنز کی اننگز کھیلی اور ساتھ ہی کیریئر کے 10 ہزار رنز بھی مکمل کر لئے۔ بابر اعظم 72 رنز بنانے کے بعد گیبریئل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنا لئے اور اسے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کےلئے 85 رنز درکار ہیں۔ مصباح الحق اور اسد شفیق 5 ، 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شینن گیبریئل نے دو جبکہ جیسن ہولڈر اور الزاری جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔