قمرجاویدباجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں آپریشن ردالفساد میں پیش رفت اور پاناما کیس کے بارے میں بھی بات کی گئی

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں ملک بھر میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے جاری آپریشن ردالفساد میں پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ کورکمانڈر کانفرنس میں پاناما سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے بنائی جانیوالی جے آئی ٹی میں پاک فوج کے نمائندے قانونی اور شفاف کردار ادا کریں گا۔ پاک فوج سپریم کورٹ کے اعتماد پر پورا اترے گی۔ واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے میں سپریم کورٹ نے معاملے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر کی سربراہی میں قائم ٹیم میں آئی ایس آئی، ایم آئی، ایس ای سی پی، سٹیٹ بینک اور نیب کے نمائندے بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔