مصر کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ مملکت کے مصر کے ساتھ تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہیں ۔العربیہ ٹی کے مطابق سعودی وزیرخارجہ الجبیر نے ان خیالات کا اظہار اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب اور مصر کے درمیان تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں، حالیہ عرصے کے دوران ذرائع ابلاغ میں سعودی عرب اور مصر کے درمیان تعلقات پر شکوک وشبہات پھیلانے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر مسلمان ملکوں کے باہمی تعلقات میں شکوک وشبہات کی کوئی گنجائش نہیں۔ دونوں ملک تاریخی اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔الجبیر نے کہا کہ سامح شکری سے ملاقات میں شام، عراق، یمن اور لیبیا جیسے فوری اور حل طلب مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عرب ممالک میں جاری شورش کے حوالے سے سعودی عرب اور مصر کا موقف ایک ہے۔اس موقع پر مصری وزیرخارجہ سامح شکری نے کہاکہ سعودی عرب اور مصر کی منزل ایک ہے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔سامح شکری کا کہنا تھا کہ مصری وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں کی قیادت نے رابطے جاری رکھنے اور تعاون کو فروغ دینے سے اتفاق کیا ہے۔مصری وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور مصر کا عرب اقوام کی سلامتی سے متعلق موقف میں ہم آہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وزراءخارجہ کے درمیان ماضی میں ہونے والی ملاقاتوں پر بھی مختصر تبادلہ خیال کیا گیا۔