یومِ اطفال پر ترک صدر نے اپنی کرسی چوتھی جماعت کے طالبعلم کے حوالےکردی۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے یومِ اطفال اور ترکی کی قومی اسمبلی کے قیام کی 97 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنی کرسی صدارت ایک دن کے لئے چوتھی جماعت کے طالبعلم یعیت ترک کے حوالے کر دی۔انھوں نے کہا کہ ہم آپ سے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے خواہش مند ہیں کیونکہ بچے اس ملک کے امین ہیں۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے اس موقع پر بچوں کو یومِ اطفال کی اور شبِ معراج کی مبارکباد دی ۔ یومِ اطفال کی مناسبت سے ایک دن کے لئے صدارتی کرسی پر براجمان ہونے والے 10 سالہ یعیت ترک نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہماری قومی اسمبلی کے افتتاح اور قومی ارادے کے ساتھ شروع کی گئی جدوجہد کی سالانہ یاد کا دن ہے اور ہم قومی ارادے اور جمہوریت کا تحفہ دینے والے 15 جولائی کے شہداءکے لئے حق تعالیٰ سے مغفرت کے طلبگار ہیں اور اس موقع پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ان شہدا کے بچے میرے بہن بھائی ہیں۔طیب اردوان نے بعد ازاں صدارتی سوشل کمپلیکس میں بچوں کے ساتھ ملاقات کی اور کہا کہ "ہم آپ سے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کے خواہش مند ہیں کیونکہ آپ اس ملک کے امین ہیں۔