پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات مکمل: بجلی و پیٹرول پر سبسڈی ختم کرنے پر اتفاق

واشنگٹن: پاکستان اور آئی ایم ایف قرض پروگرام جاری رکھنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی ملاقات میں کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر قیادت پاکستانی وفد کی آئی ایم ایف کے حکام سے ہونے والی بات چیت مکمل ہو گئی ہے جس میں فریقین نے قرض پروگرام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق ہونے والی بات چیت میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف پروگرام جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان معاشی اصلاحات کیلئے آئی ایم ایف کے روڈ میپ پرعمل درآمد کرے گا۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بجلی اور پیٹرول کی سبسڈی مرحلہ وارختم کی جائے گی۔ ملاقات میں آئی ایم ایف کے وفد کو یقین دہانی کرائی گئی کہ پاکستان بجلی کے نقصانات کم کرے گا۔ پاکستانی وفد نے آمدن بڑھانے کے لیے اصلاحات پر بھی اتفاق کیا۔