پاکستان کی جانب سے احتجاج کے دوسرے ہی روز شمالی وزیرستان میں یکے بعد دیگرے تین ڈرون حملوں میں اٹھارہ افراد جاں بحق جبکہ چودہ زخمی ہوگئے۔

شمالی وزیرستان میںشوال کے علاقے درئی نشتر میں ایک گھر پر جاسوس طیارے سے دو میزائل فائر کیے گئے جس میں چھ فراد جاں بحق ہوگئے۔اس حملے کے کچھ ہی دیر بعد داندا درہ اور مکی غر کےعلاقوں میں بھی امریکی جاسوس طیاروں نے حملے کئے جن کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق حملوں کے بعد جاسوس طیاروں کی پروازیں بھی جاری رہیں جس کے باعث عوام خوف وہراس جبکہ امدادی کارروائیاں تاخیر کا شکار رہیں۔ تینوں ڈرون حملوں میں مجموعی طور پر چودہ افراد زخمی بھی ہوئےجنہیں قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے امریکی سفارتخانے کے سینئر اہلکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے ڈرون حملوں پر شدید احتجاج کیا تھا۔