انٹرنیٹ فری لانسنگ : پاکستان نے چین اوربھارت کو پیچھے چھوڑ دیا
تفصیلات کے مطابق عالمی ای پے منٹ کمپنی پے یونیر نے 10سرفہرست فری لانسنگ ممالک کی رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے بعد پاکستان فری لانسنگ میں چوتھے نمبرپر آگیا ہے۔ عالمی درجہ بندی کی اس فہرست میں امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے، برازیل تیسرے، پاکستان چوتھے، یوکرائن پانچویں، فلپائن چھٹے، بھارت ساتویں، بنگلہ دیش آٹھویں ، روس نویں اور سربیا دسویں نمبر پر موجود ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گزشتہ برس کے مقابلے میں فری لانسنگ میں 47 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سرکاری طور پر بھی اس کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب کا ای روزگار فری لانسنگ پروگرام زرمبادلہ میں اضافے اور بیروزگار ی کی شرح میں کمی کا باعث بنا ہے۔ دوسری طرف یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ حکومتی کوششوں کے باوجود پے پال نے پاکستان میں آنے سے انکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے مقامی فری لانسرز مایوس نظر آرہے ہیں ، پاکستان میں تقریبا دو لاکھ افراد کو رقوم کی منتقلی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے فری لانسنگ اور ای کامرس سے وابستہ افراد کافی عرصے سے اپنے ملک میں پے پال کا مطالبہ کررہے تھے۔