حکومت ذمہ داریوں سے غافل نہیں،خواتین کیخلاف جرائم کسی صور ت قابل برداشت نہیں۔ مسرت جمشید چیمہ

چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعات کی عدالتوںمیں بھرپور پیروی کی جائے گی اور ملزموںکو قانون کے مطابق سخت سے سخت دلوا کر عبرت کا نشان بنایا جائے گا ،پنجاب حکومت نے تین سالوںمیں بہت سے شعبوں کیلئے موثر قانون سازی کی ہے اور ماضی میں بنائے گئے قوانین کا بھی از سر نو جائزہ لے کر ان میںموجود سقم دورکئے جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک میں پیش آنے والے واقعہ میں غفلت اورکوتاہی کے مرتکب پولیس کے اعلیٰ افسران کو عہدوں سے ہٹایا گیا ہے ،وزیرا علیٰ عثمان بزدارکی واضح ہدایات ہیں کہ ان واقعات میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اسی کے تحت ملزمان کی گرفتاری میں کامیابی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماں بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے مبینہ واقعہ کے دونوںملزمان کو بھی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اس طرح کے کسی بھی واقعہ کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور حکومت نے کبھی بھی اس طرح کے واقعات کو دبانے کی کوشش نہیں کی بلکہ اس پر قانون کو فوری حرکت میں لایا گیا ہے ۔ چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ ہمیں بطور معاشرہ اس طرح کے واقعات کے تدارک کے لئے اجتماعی سوچ اپنانا ہو گی اور حکومت بھی اپنی ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں ہے۔