چیف آف دی نیول اسٹاف کا ایران کا سرکاری دورہ, کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی اور ناردرن فلیٹ کے کمانڈر کموڈور عبدالوہاب طاہری سے ملاقاتیں
اسلام آباد:پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ایران کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی نیوی (IRIN) کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی اور ناردرن فلیٹ کے کمانڈر کموڈور عبدالوہاب طاہری سے ملاقاتیں کیں۔
نیول چیف کی آمد پر کمانڈر IRIN نے نیول چیف کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر سے ملاقات کے دوران نیول چیف کو ایرانی بحریہ کے کردار اور مقاصد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور بشمول دو طرفہ بحری تعاون اور بحر ہند میں سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے میری ٹائم سیکیورٹی، انسدادِ قزاقی اور ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول (RMSP) کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے بحری امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلٸے پاک بحریہ کے کردار اور کاوشوں کو سراہا۔ معززین نے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بعدازاں نیول چیف نے نیشنل میوزیم آف ڈیفنس میں شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے بندر انزالی میں ایرانی ناردرن فلیٹ (4th نیول ریجنل ہیڈکوارٹر) کا دورہ کیا جہاں انہیں ناردرن فلیٹ کی ذمہ داریوں اور صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے شپ بلڈنگ یارڈز اور نیول میوزیم کا بھی دورہ کیا۔ نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔