پی آئی اے نے دو سال بعد لاہور سے براہ راست کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازوں کا آغاز کر دیا
قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے دو سال کے وقفے کے بعد لاہور سے براہ راست کوالالمپور اور بنکاک کے لئے پروازوں کا آغاز کر دیا۔ پہلی پرواز پی کے 896 پیر کو علی الصبح 4.45 پر کوالالمپور کے لیے روانہ ہوئی۔ لاہور سے کوالالمپور کی براہ راست پروازیں دو سال کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کی گئیں، یہ پروازیں بنکاک بھی جائیں گی۔ ہفتہ وار دو پروازوں کے لئے پی آئی اے بوئنگ 777 طیارے استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ہفتہ میں ایک پرواز براستہ بنکاک کوالالمپور اور ایک پرواز کوالالمپور سے بنکاک جایا کرے گی۔ پی آئی اے کے صدر وچیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پی آئی اے مسافروں کو ان کی منزل مقصود تک براہ راست سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے تا کہ مسافروں کو رابطہ پروازوں سے جو پریشانی اٹھانی پڑتی تھی اس کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ان تمام روٹس کے لئے پروازیں بحال کر رہی ہے جو قومی ائر لائن کے لئے منافع بخش ہیں جبکہ نئے طیاروں کی شمولیت کے بعد مزید نئے مقامات کے لئے پروازوں کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔