استعفے پی ڈی ایم دے رہی ہے اور پریشانی حکومتی چاپلوسوں کو ہورہی ہے۔عظمی بخاری

مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پہلے عمران خان کی اور اب عثمان بزدار کی ”خادمہ“کو ہر صبح پی ڈی ایم ”مروڑ“اٹھتے ہیں۔عثمان بزدار قرنطینہ میں ہیں ”خادمہ“میدان کار ساز میں پنجہ آزمائی کررہی ہیں۔خادمہ صاحبہ اس عمر میں ہڈیاں کمزور ہوجاتی ہیں پنجہ آزمائی اور پلیٹیں توڑنے سے پرہیز کریں۔استعفے پی ڈی ایم دے رہی ہے اور پریشانی حکومتی چاپلوسوں کو ہورہی ہے۔عظمیٰ بخاری کا فردوس عاشق کے بیان پر ردعمل میں کہاچاپلوس ترجمانوں کو اپنی نوکریاں اور مفت کی روٹیاں جاتی نظر آرہی ہیں۔اس لیے دن رات ”پی ڈی ایم“،”پی ڈی ایم“عارضہ کا شکار ہیں۔دوسری جانب چوہدری سرور کے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا چوہدری سرور ہمارے پیج کی نہیں اپنے صفحوں کی فکرکریں۔ایک پیج کے دعوے کرنے والوں کے صفحے الگ الگ ہو چکے ہیں۔سرور صاحب اگر پی ڈی ایم کی تحریک ناکام ہورہی ہے تو آپ ساہیوال سے الیکشن لڑنے کی تیاریاں کیوں کررہے ہیں؟۔عمران خان کے پنجرے سے بہت سے پرندے اڑان بھرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔بہت جلد لال،پیلے اور نیلے گھوڑے عمران خان کو تنہا چھوڑنے والے ہیں۔موسمی پرندے نئے ٹھکانے تلاش کرنے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔چوہدری سرور پی ڈی ایم کی بجائے اپنے اتحادیوں کی فکر کریں۔حکومت کے اتحادی کسی لمحے بھی علیحدگی کا اعلان کرسکتے ہیں۔حکومتی صفوں میں موجود کچھ باضمیر لوگ حکومتی مافیا سے خود تنگ آچکے ہیں۔