ایک گیند لگنے سے 15 جگہ سے ہڈیاں ٹوٹ گئی۔

کرکٹ کے کھیل میں انجری ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے جبکہ گزشتہ چند سالوں میں کرکٹ گیند لگنے سے کھلاڑی موت کے گھاٹ بھی اتر چکے ہیں۔ ایسا ہی ایک اور واقعہ بریڈ فورڈ لیگ کے لائٹ کلف کرکٹ کلب میںپیش آیا جہاں پریکٹس کے دوران ایک کھلاڑی کے چہرے پر گیند لگنے سے کھوپڑی اور چہرے کی ہڈی 15 جگہ سے ٹوٹ گئی۔تفصیلات کے مطابق لائٹ کلف کرکٹ کلب کے کھلاڑی ایلکس ٹیٹ پریکٹس کر رہے تھے کہ اس دوران تیزی سے آتی گیند ان کی آنکھوں کے درمیان جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ان کے ماتھے، ناک، آنکھوں کے حلقوں اور گالوں کی ہڈیوں سمیت 15 ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ ایلکس ٹیٹ بالنگ کر ارہے تھے کہ ایک انتہائی تیز رفتار گیند واپس ان کی جانب مڑی، اس سے قبل کہ وہ صورتحال کو بھانپ سکتے، گیند ان کی آنکھوں کے درمیان ناک اور ماتھے پر جا لگی۔ حادثے کے فورا بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں داخل کر لیا گیا۔10 دن بعد ہسپتال والوں نے ایلکس کو بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کو حل کیلئے متعدد آپریشنز کرنا پڑیں گے جبکہ ایک آپریشن کے دوران ان کے دونوں کانوں کے درمیان کی جلد کو کاٹ کر موڑا جائے گا اور پھر ماتھے کے پیچھے لوہے کی پلیٹیں بھی رکھی جائیں گی۔ اس کے بعد آنکھوں اور ناک کا آپریشن بھی ہو گا جس کے بعد دماغی حالت کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی تاکہ اس حادثے کے نتیجے میں دماغ کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ کیا جا سکے۔حادثے کے باعث ایلکس اس قدر شدید زخمی ہو گئے ہیں کہ اب وہ کئی مہینوں تک کوئی کام نہیں کر سکیں گے۔ ایلکس ایک بیٹے کے باپ ہیں جبکہ اگلے چار مہینوں میں ایک اور بچے کی آمد بھی متوقع ہے۔ ایلکس کو حال ہی میں نوکری ملی تھی جس کے باعث انہیں تنخواہ کے علاوہ کوئی میڈیکل یا مراعات نہیں مل سکتیں جس کے باعث ان کی مالی حالت بھی انتہائی خراب ہو گئی ہے اور اپنے علاج کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کیلئے انہیں انٹرنیٹ کا سہارا لینا پڑا ہے۔ایلکس نے اس مقصد کیلئے ویب سائٹ جسٹ گیوینگ کا انتخاب کیا ہے اور اس پر اپنی تصویر کے ساتھ کہانی بھی بیان کر دی ہے۔ انہیں امید ہے کہ کرکٹرز اس کی حالت کو سمجھتے ہوئے اس کی مدد کریں گے تاکہ وہ حالات کا مقابلہ کر سکے اور پھر سے اپنا روزگار کمانے کے قابل ہو جائے۔