پاکستان سپر لیگ سیزن تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 43 رنز سے شکست دیدی
دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل تھری کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کی جانب سے دیئے گئےایک سو اسی رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم اٹھارہویں اوور میں ایک سو چھتیس رنز پر آؤٹ ہو گئی،ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے تین، تین جبکہ محمد عرفان اور کیرون پولارڈ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔لاہور قلندر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کی جانب سے کمار سنگاکارا اور احمد شہزاد بیٹنگ میدان میں اترے۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایاپہلے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے والے احمد شہزاد نے اپنے بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ انہوں نے 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے، تاہم اس کے بعد لیگ سائیڈ پر جانے والی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وہ اپنا کیچ دے بیٹھے۔ اس کے بعد صہیب مقصود آئے لیکن آتے ہی چلتے بنے، انہوں نے صرف 4 رنز بنائے۔کماراسنگاکارا نے اس میچ میں بھی اپنی جارحانہ بلے بازی سے شائقین کرکٹ کو بہت محظوظ کیا۔ انہوں نے صرف 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ تاہم اس کے بعد وہ کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔دوسری جانب ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے قلندرز کے گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔ انہوں نے صرف 28 گیندوں کا سامنا کیا اور 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنائے تھے۔