کابل:این ڈی ایس کے کمپاؤنڈ میں خودکش حملہ ، ایک شخص ہلاک ، 6 افرادزخمی
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی (این ڈی ایس)کے ایک کمپاؤنڈ میں خودکش حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 6 افرادزخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ کابل کے علاقے شش درک میں ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 6زخمی ہوئے۔ایک سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خودکش دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی(این ڈی ایس)کے ایک کمپاؤنڈ میں ہوا۔این ڈی ایس کا یہ کمپاؤنڈ نیٹو اور امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔یاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے اسی کمپاؤنڈ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔رواں برس کے آغاز سے افغان دارالحکومت میں متعدد بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔