وزیراعظم بننے کیلئے عمران خان نے پیرنی سے شادی کرلی۔ خواجہ آصف
وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم بننے کے لیے پاپڑ بیل رہے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے پیرنی سے شادی کرلی، اب یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے۔ میانہ پورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی وجہ سے عمران خان کو بڑھاپے میں محنت کرنی پڑ رہی ہے۔ ملک کی ترقی کا سہرا میاں نواز شریف کو جاتا ہے، گوادر سے چین کی سرحد تک ترقی صرف نواز شریف کی وجہ سے ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ مشرف نے نواز شریف کو 21 سال کی نااہلی 2 کروڑ جرمانے اور 14 سال کی قید سنائی تھی لیکن 17 سال بعد آج بھی نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں،خواجہ آصف نے مزید کہاکہ مخالفین چاہتے ہیں کہ نواز شریف کبھی واپس نہ آئیں مگر عوام کے دلوں میں نواز شریف کی محبت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام کی محبت ہی ہمارا اثاثہ ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری بھی نواز شریف پر تنقید کرتے ہیں، تاہم لودھراں ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کی حقیقت بھی سب کے سامنے آگئی،3 ہزار ووٹ لینے والا میاں نواز شریف کے مقابلے کی بات کرتا ہے اور جو شخص پانچ سال حکومت کرکے اپنی بیوی کے قاتل نہیں پکڑسکتا وہ اور کیا کرسکتا ہے۔وزیر خارجہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم بننے کے لیے عمران خان نے پیرنی سے بھی شادی کرلی عمران خان کا تو ان کی پارٹی والوں کو بھی علم نہیں ہوتا کہ وہ کیا کر رہے ہیں بلکہ انہیں تو اب یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ کوئی شرم ہوتی ہے، کوئی حیا ہوتی ہے اسی طرح طوطا فال سیاست دان کہتا تھا کہ نواز شریف کبھی واپس نہیں آئیں گے۔