غربت سے بدحال ماں نے دو بچیاں نہرمیں پھینک دیں

یہ واقعہ چھپ کلاں کی حدودمیں پیش آیا ہے ، پولیس نے ماں سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں نہر میں پھینکی جانے والی بچیوں کی تلاش میں مصروف ہیں ، تاحال ان بچیوں کو کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ بچیوں کے مل جانے تک معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوسکے گی ، بچیوں کی عمریں بالترتیب ساڑھے سات سال اور ساڑھے تین سال ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ بچیوں کی ماں اپنے گھریلو حالات سے بے پناہ نالاں تھی جس کے سبب اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ہے۔ یاد رہے کہ غربت اور سماجی تفریق کے سبب ملک میں اس قسم کے واقعات بڑھتے ہی جارہے ہیں، گزشتہ روز کراچی میں ایک والد نے اپنی چھ سال کی بچی کو سالگرہ کا کیک نہ کھانے پر تشدد کرکے قتل کردیا تھا۔ اسی طرح کا ایک واقعہ رواں ماہ کے آغاز میں پیش آیا تھا جب کراچی کےعلاقے کلفٹن میں اپنی پھول جیسی کمسن ڈھائی سالہ بیٹی انعم کو سمندر میں ڈبو کرقتل کرنے کے بعد ماں نے خود بھی خودکشی کی کوشش کی تھی ، تاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے ڈوبتا دیکھ کر بچا لیا تھا۔ ملزمہ کے اہل ِ خانہ کا کہنا تھا کہ وہ نفسیاتی مسائل کا شکار ہے۔ دوسری جانب گزشتہ سال دسمبر میں صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ایک باپ نے اپنی معاشی حالت میں بہتری کے لیے جعلی عامل کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بیٹی مبینہ طور پر قتل کردی تھی ، پولیس نے والد اور عامل دونوں کو گرفتار کرلیا تھا۔