مصر کی روس سے لڑاکا طیاروں کی ڈیل سے امریکہ پریشان
امریکا نے مصر کے روس سے لڑاکا جیٹ خرید کرنے کے معاملے پر باضابطہ طور پر اپنی تشویش کا اظہار کردیا ہے۔ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن نے منگل کے روز مصری ہم منصب سامح شکری سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے اور انھیں روس سے لڑاکا جیٹ خرید کرنے کے معاملے پر امریکا کی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’سیکریٹری (خارجہ) نے انسانی حقوق کے بارے میں اپنی تشویش کااظہار کیا ہے جو امریکا اور مصر کے دوطرفہ تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔انھوں نے مصر کے روس سے ایس یو35 سخوئی لڑاکا جیٹ خرید کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی ہے۔‘‘ امریکا مصر کے علاوہ ترکی پربھی یہ دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ روس سے لڑاکا جیٹ نہ خریدے۔اگر یہ دونوں ممالک یا امریکا کا کوئی اور اتحادی روس سے لڑاکا طیارے خرید کرتا ہے توان کے خلاف امریکا کا پابندیوں کا نظام فعال ہو جائے گا اور ان پر پابندیاں عاید کردی جائیں گی۔ بلینکن نے سامح شکری سے گفتگو میں امریکااور مصر کے درمیان مضبوط تزویراتی شراکت داری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ہے۔بالخصوص انھوں نے سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تعاون سمیت علاقائی امورکے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔ نیڈ پرائس کے بہ قول دونوں وزرائے خارجہ نے لیبیا میں اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن بات چیت اور مشرقِ اوسط امن عمل کے بارے میں بھی گفتگو کی ہے۔