وزیراعظم اور سری لنکن صدر کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال
کولمبو میں وزیراعظم اور سری لنکن صدر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا کے وزیر برائے کھیل عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ یاد رہے گزشتہ روز وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا نے اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں، تجارت، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت کو تقویت دینے پر توجہ دینے کے لئے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے کثیرالجہتی شعبے میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام سطحوں پر سٹر ٹیجک مواصلات اور ہم آہنگی کو مزید وسیع کرنے کا عزم کیا۔