سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کی نماز جنازہ ادا

Feb 24, 2022 | 15:06

اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ رحمان ملک کے نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک گزشتہ روز 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔ ترجمان کے مطابق رحمان ملک کے پھیپھڑے کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے، وہ اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے سوگواروں میں بیوہ اور دو بیٹوں کو چھوڑا ہے۔ رحمان ملک 2008 سے 2013 تک پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے۔ انہیں 1987 میں ستارہ شجاعت اور 1996 میں نشان امتیاز سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں