سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کےلئےبجلی کی قیمتوں میں ایک روپیہ چھتیس پیسے فی یونٹ تک اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئےاس حوالے سے پٹیشن نیپرا کو جمع کرا دی.

نیپرا حکام کے مطابق سی پی پی اے کی طرف سے جمع کرائی گئی پٹیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں ماہ دسمبر کےلئے طلب کیا گیا ہے۔ پٹیشن کے مطابق ماہ دسمبر کے دوران ہائیڈل پاوور جنریشن سات پیسے فی یونٹ رہی جبکہ ڈیزل سے بجلی کی تیاری اکیس روپے پچھتر پیسے،فرنس آئل سے پیداواری لاگت پندرہ روپے اٹھہتر پیسے،گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت پانچ روپے چھہتر پیسے اور ایران سے بجلی کی درآمدی قیمت نو روپے پینسٹھ پیسے فی یونٹ رہی جبکہ تئیس پیسے فی یونٹ کے حساب سے بجلی لائن لاسز اور چوری کی نذر ہوئی۔پٹیشن میں سپلیمنٹری چارجز کی مد میں تین پیسے فی یونٹ بھی طلب کئے گئے ہیں۔ نیپرا سی پی پی اے کی پٹیشن کی سماعت انتیس جنوری کو کرے گا