امیرجماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن سے نئے مسائل جنم لیتے ہیں، نوازشریف بتائیں کہ وہ قوم کواعتماد میں لینے کے نام پرکب تک قومی اعتماد کو مجروح کرتے رہیں گے۔
منصورہ لاہورسے جاری اپنے بیان میں منورحسن نے کہا کہ فوجی آپریشنز سے آج تک کوئی مسئلہ حل نہیں ہوسکا بلکہ نئے مسائل جنم لیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ طالبان سے فوری مذاکرات کیے جائیں ،لیکن حکومت امریکی دباﺅ کے باعث مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اور مذاکرات کے بجائے بندوق کی نوک پر مسئلہ حل کرنے کی باتیں کررہی ہے،،انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت طاقت کا استعمال ترک کرکے مذاکرات کی پالیسی اپنائے ۔