پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ کے لیے ایڈیلیڈ میں تربیتی سیشن میں حصہ لیا
قومی ٹیم کے کھلاڑی سڈنی میں چوتھے ون ڈے میں شکست کے بعد بھجے ہوئے چہروں کے ساتھ گزشتہ روز ایڈیلیڈ پہنچے، جہاں کھلاڑیوں نے سیریز کے آخری میچ سے قبل آج تربیتی سیشن میں حصہ لیا، سڈنی کے میچ میں انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں نے باؤلنگ اور بیٹنگ کے علاوہ فیلڈنگ پر بھی توجہ دی۔ تربیتی سیشن میں کھلاڑیوں کو بھرپور کیچنگ پریکٹس بھی کرائی گئی جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے سیریز کے آخری میچ میں کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مفید مشورے دیئے۔ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان آخری ون ڈے میچ چھبیس جنوری کو کھیلاجائے گا، کینگروز پانچ میچوں کی سیریز پہلے ہی تین ایک سے اپنے نام کرچکے ہیں۔