گالی دینا مسلم لیگ نون کا کلچر نہیں,پنجاب میں میٹرو کو جنگلا بس کہنے والوں سے پشاور میں میٹرو نہیں بن پارہی, وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق
کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم کسی پر لعنت بھیجنا نہیں چاہتے، گالی دینا مسلم لیگ نون کا کلچر نہیں، کسی کو لعنتی نہیں سمجھتے، ان کا کہنا تھا کہ کوئی گالی دیتا ہے تو جواب دلیل سے دیں، پتھر کا جواب اینٹ سے نہیں کام سے دیں گے، گالی کا جواب گالی سے دینا بہادری نہیں، انہوں نے سیاسی مخالفین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، بولے جب پنجاب میں ڈینگی آیا تو اتنی محنت کی کہ خود ڈاکٹر بن گئے جبکہ پشاور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ کیا گیا وہ درخت کدھر ہیں کیا انہوں نے سیلمانی ٹوپیاں پہن رکھی ہیں، خان صاحب نے پنجاب میں میٹرو کو جنگلا بس کہا اب پشاور میں میٹرو بس بنارہے ہیں جو ان سے بن نہیں پارہی، ان کا کہنا تھا کہ مارشل لا لگانے والے جرنیلوں نے پاکستان کو آگے جانے نہیں دیا، بار بار مداخلت کی گئی اور ملک کو چلنے نہیں دیا گیا، وقت آگیا ہے کہ جلسوں اور دھرنوں سے آگے چلیں، خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن سے ملک نہیں چلا کرتے، پاکستان کے عوام جبر کے فیصلے نہیں مانتے