آرمی چیف اور سعودی وفد کا دفاعی صورتحال پر تبادلہ خیال
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاد بن حامد الروالی کی قیادت میں فوج کے ایک وفد نے راولپنڈی میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں جیو سٹرٹیجک اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی عرب کے چیف آف جنرل سٹاف نے خصوصاً دوطرفہ تربیتی تعاون کے ذریعے سعودی فوج کی تربیت میں مدد فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاک فوج کے پیشہ وارانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کی تعریف کی۔اس موقع پر بری فوج کے سربراہ نے سعودی چیف آف جنرل سٹاف کے تعریفی کلمات کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج سعودی فوج کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے بھرپور مددکی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ جنرل فیاد بن حامد الروالی نے یادگارشہداء پرپھول بھی چڑھائے اور انہیں گارڈ آف آنرپیش کیاگیا۔