قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے:وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار
لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پولیس نظام اور دیگر شعبوں میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے لہٰذا پولیس نظام میں اصلاحات کر کے عوامی امنگوں کے مطابق بناناضروری ہے ۔ اصلاحات کے ذریعے ہی پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔پنجاب حکومت پولیس اصلاحات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے چکی ہے اورکمیٹی جلد اپنی سفارشات حکومت کو پیش کرے گی۔ پولیس نظام اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کامحورعوام کوفوری ریلیف اور انصاف فراہم کرنا ہے۔ پولیس نظام کو درست کرنا ہماری ترجیح اور قانون کی بالا دستی، میرٹ اور شفافیت کا فروغ اور بد عنوانی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اور قانون کی حکمرانی یقینی بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے اور انصاف پرمبنی معاشرہ سماجی ، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے موثر پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ دین اسلام انصاف اور امن کی اعلیٰ اقد ار کے فروغ کا درس دیتا ہے اور جن معاشروں میں انصاف کا حصول یقینی نہیں ہوتا ان معاشروں میں بگاڑ پیدا ہوجاتا ہے۔ معاشی و سماجی انصاف اور قانون کی بالا دستی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ قائداعظمؒ کے وژن کے مطابق ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں انصاف کا بول بالا ہو ۔