حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اقتصادی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وہ ڈوگن ہولڈنگز کی چیئرپرسنBEGUMHAN DOGAN FARALYALI سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے عالمی اقتصادی فورم2020 کے موقع پر ڈیووس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبارشروع کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسیع قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے ڈوگن ہولڈنگز کو توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ ڈوگنFARAL YALI نے پاکستان کا اصلاحاتی ایجنڈہ سراہتے ہوئے سرمایہ کاری کے اہم شعبوں کے امکانات بروئے کار لانے کی خواہش ظاہر کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری سرمایہ کاری کے بارے میں سفیر عمومی علی جہانگیر صدیقی اور جنیوا میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی اس موقع پر موجو دتھے۔ ڈوگن ہولڈنگز کا شمار توانائی' ذرائع ابلاغ' صنعت' تجارت' بیمہ اور سیاحت کے شعبوں میں ترکی کی سب سے بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔