وزیر اعلیٰ کے پی محمودخان کے خلاف بھی آوازیں اٹھنے لگیں
پشاور: پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ کے بعد خیبر پختون خوا میں بھی وزیر اعلیٰ کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کے پی میں مخالف گروپ کے علی تراکئی نے وزیر اعلیٰ محمود خان پر اظہار عدم اعتماد کر دیا ہے، محمد علی تراکئی نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حکومت چھوڑنے کی دھمکی دے دی ہے۔ رہنما پی ٹی آئی محمد علی تراکئی نے کہا کہ محمود خان سے 80 فی صد ارکان اسمبلی ناراض ہیں، محمود خان نہیں بیوروکریسی حکومت چلا رہی ہے، پرویز خٹک کے مقابلے میں محمود خان کی کارکردگی صفر ہے، ان کے پاس وژن ہے نہ صلاحیت، ایسے ساتھ نہیں چل سکتے۔ خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کے خلاف بھی پی ٹی آئی ارکان کا گروپ سرگرم ہو گیا ہے، پریشر گروپ میں 7 وزرا اور پی ٹی آئی کے 28 ارکان اسمبلی شامل ہیں۔