عوام کو بجلی کے جھٹکوں کی تیاریاں، حکومت کا سبسڈی ختم کرنے کا پروگرام, فی یونٹ اضافے کی درخواست
حکومت نے یکم فروری سے مہنگائی سے متاثرہ متوسط طبقے کی20 ارب روپے کی بجلی سبسڈی ختم کرنے کا پروگرام بنالیا ہے ۔ تین سو یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیرف تین روپے گیارہ پیسے فی یونٹ بڑھ جائے گا۔چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی زیر صدارت بجلی صارفین کی مختلف کیٹیگریز کیلئے یکم فروری سے فی یونٹ 8 سے 95 پیسے تک اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ دوران سماعت جوائنٹ سیکریٹری پاور ڈویژن محفوظ بھٹی نے اتھارٹی کو بتایا کہ سبسڈیز کم کرنے کیلئے ٹیرف میں اضافہ ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کے تحت 200 یونٹ ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی فراہم کی جائے گی باقی تمام صارفین کو استعمال شدہ بجلی کی مکمل قیمت کی ادائیگی کرنا ہو گی۔ اس وقت بجلی صارفین کو 238 ارب روپے کہ سبسڈی دی جا رہی ہے۔ اس درخواست میں سبسڈی کے حجم میں 20 ارب روپے کی کمی ہو گی جبکہ اوسط ٹیرف میں بیس پیسے اضافہ ہو گا۔چیئرمین نیپرا نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں اضافے کی بنیادی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے۔ سبسڈی دینا یا نہ دینا حکومت کا اختیار ہے۔ اتھارٹی کا اس معاملے میں کردار صرف پوسٹ آفس جیسا ہے۔ ٹیرف میں اضافہ صارفین کو پسند نہیں آئے گا.