بجلی بریک ڈاؤن کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے: وزیر اعظم کی ہدایت
اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے تعطل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری کا حکم دیا، توانائی کی بچت کی عادتیں اپنانے کیلئے ملک گیر عوامی آگہی مہم چلانے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بریک ڈاؤن کی وجہ سے عوام اور کاروباری برادری کو جس تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ناقابل قبول ہے، مستقبل میں ایسے کسی واقعے کو برداشت نہیں کروں گا، ذمہ داروں کا واضح تعین کیا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ توانائی کی بچت کی عادتوں کو عام اور عالمی سطح پر رائج طریقوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے گا، گزشتہ 7 سال میں پٹرولیم مصنوعات سے متعلق امپورٹ بل دوگنا ہوچکا ہے، وفاقی کابینہ کو وزارت اطلاعات و نشریات نے توانائی مہم پر بریفنگ بھی دی۔