دریائے سندھ میں سکھر بیراج سے آج بڑا سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے
ڈیرہ غازی خان میں پانی آبادی میں داخل ہونے سے تقریبا 6 ہزار افراد محصور ہو گئے ہیں۔ لیہ میں بکھری احمد خان کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب سے 382 دیہات زیرآب آچکے ہیں۔ ڈی سی او کے مطابق ڈھائی لاکھ سے زائد افراد سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں۔ دریائے سندھ کے قریب رحیم یار خان کی درجنوں بستیوں میں پانی داخل ہو گیا اور موضع رسول پور، تھل حمزہ، ترنڈہ محمد پناہ، جھوک گلاب اور لیاقت پور کے دریائی علاقے سے لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے,,وزیراعظم محمد نواز شریف نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ٹیلیفون پر بات کی اور دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال پر صوبائی حکومت کی تیاریوں کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کو یقین دلایا وفاقی حکومت سیلاب سے متعلق ریلیف اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے صوبے کو درکار تمام تر معاونت فراہم کرے گی۔